وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی کی زیر صدارت اجلاس، تدریسی امور کا جائزہ

پیر 28 جولائی 2025 22:24

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ کی زیر صدارت تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد فال سمسٹر 2025کے دوران مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبہ جات میں جاری داخلوں کی پیش رفت ، انتظامی اُمور میں شفافیت اور تیزی اور آئندہ منعقد ہونے والے کانووکیشن کی تیاریوں کے انتظامات سمیت مختلف تدریسی امور کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے بخوبی واقف ہیں اور ہمارے درمیان باہمی احترام کا رشتہ قائم ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں ٹیم ورک کے تحت کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے تاکہ یونیورسٹی کو درپیش مسائل پر قابو پاتے ہوئے اس کی فلاح ، بہتری اور ترقی کے لئے کام کیاجا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ طلباء کے داخلوں میں اضافہ کے لیے محنت کریں اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ نئے پروگرام متعارف کرائیں تاکہ عصری تقاضوں کے مطابق جدید تحقیق و ہنر سے لیس نوجوان تیار کئے جا سکیں۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیمی افادیت میں مزید بہتری کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی نصابی سرگرمیوں میں جدت پیدا کریں تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے احسن انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں چاروں فیکلٹیز کے ڈینز، تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :