قومی شاہراہ پر وارداتوں کی روک تھام کے لیے لیویز کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں،ڈپٹی کمشنر سبی

پیر 28 جولائی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے بختیارآباد میں قومی شاہراہ این 65 پر قائم مختلف لیویز چوکیوں کادورہ کر کے سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وحید شریف عمرانی، رسالدار میجر مالک داد، اور ایس ایچ او بختیارآباد نائب رسالدار ریاض الٰہی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر چوری، ڈکیتی اور جرائم کی دیگر وارداتوں کی روک تھام کے لیے متعدد مقامات پر لیویز کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ ان چوکیوں پر اہلکاروں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جن میں ٹینٹ، سولر پینلز، بیٹریاں اور پنکھے شامل ہیں تاکہ وہ گرمی کے موسم میں بہتر طریقے سے اپنی ڈیوٹی انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے چوکیوں پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ کے لیے ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، خاص طور پر ایسی شدید گرمی میں ڈیوٹی انجام دینا ایک مثالی عمل ہے۔انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور شاہراہ کو ہر ممکن طور پر محفوظ و پرامن بنایا جائے۔ گشت کو مؤثر بنانے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے حکمت عملی میں مزید بہتری لانے پر بھی زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے یقین دہانی کرائی کہ لیویز فورس کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مؤثر طریقے سے یقینی بنا سکیں۔

متعلقہ عنوان :