فوڈ اتھارٹی نے حسن ٹاؤن سے استعمال شدہ گھی اور آئل دوبارہ پیک کرنے والا مافیا پکڑ لیا

2 ہزار لٹر استعمال شدہ آئل کو دوبارہ پیک کیا جارہا تھا، استعمال شدہ آئل کو لاہور شہر میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 28 جولائی 2025 23:40

فوڈ اتھارٹی نے حسن ٹاؤن سے استعمال شدہ گھی اور آئل دوبارہ پیک کرنے والا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28 جولائی 2025ء )لاہور کے حسن ٹاؤن میں استعمال شدہ گھی آئل دوبارہ پیک کرنے والا مافیا رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا حسن ٹاؤن میں چھاپہ، 2 ہزار لٹر استعمال شدہ آئل تلف کر کے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا کے 1ملزم گرفتار کروا دیا گیا، تفصیلات کے مطابق یونٹ میں استعمال شدہ آئل کو دوبارہ پیک کیا جارہا تھا،بغیر اجازت اور فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر خوراک کا کاروبار کیا جارہا تھا،یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمار پائی گئی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کھلا آئل ڈرموں اور زنگ آلود برتنوں میں رکھا پایا گیا، ویجیلنس ٹیم کی خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی،استعمال شدہ آئل کو دوبارہ پیک کر کے لاہور شہر میں سپلائی کیا جانا تھا، ناقص آئل کا استعمال معدہ جگر اور آنتوں کو متاثر کرتا ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا صارف کو خوراک کے نام پر دھوکہ دینے والے معاشرے کا ناسور ہیں؛ خاتمہ اولین ترجیح ہے، جعلساز مافیا کے ہر حربے کو ناکام بنا کر فوڈ سیفٹی پر عملدرآمد کروا رہے ہیں، شہری اشیاء کی خرید سے قبل جانچ پڑتال یقینی بنائیں، شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی خان، مظفر گڑھ، راجن پور اور لیہ میں متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ گول مارکیٹ فورٹ منرو میں ہوٹل کو کچن ایریا میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر اور خان بازار میں کریانہ سٹور کو ممنوعہ چائنہ نمک و زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر 10،10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ مظفر گڑھ میں ملتان روڈ پر دو ملک شاپس کو پانی ملا دودھ بیچنے اور فیٹ کی کمی پر 25 ہزار روپے، پوسٹ آفس مرید آباد میں آئس فیکٹری کو زنگ آلود پائپ کے استعمال پر 25 ہزار روپے، سیف چوک کوٹ ادو میں ہوٹل کو چھپکلیاں پائے جانے پر 15 ہزار روپے، جبکہ ہیڈ مرادآباد میں کریانہ سٹور کو چائنہ نمک بیچنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

راجن پور کے کوٹلہ نصیر اور چھینہ چوک میں دو کریانہ سٹورز کو بھاری مقدار میں ممنوعہ چائنہ نمک رکھنے پر 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ لیہ کے اڈہ غازی آباد، فتح پور میں ملک کولیکشن سنٹر کو دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر 18 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ان کارروائیوں کے دوران 25 کلو ممنوعہ چائنہ نمک بھی تلف کیا گیا۔اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام نے کہا کہ ملاوٹ اور ناقص خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔