جمشید دستی کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست پر تین رکنی فل بینچ تشکیل

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 10:36

جمشید دستی کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست پر تین رکنی فل بینچ تشکیل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمشید دستی نے اپنی نااہلی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور اس سے پہلے ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بنیچ نے جمشید دستی کی درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کی تھی اور اب لاہور ہائی کورٹ نے جمشید دستی کی نا اہلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 30 جولائی کو متعلقہ درخواست پر سماعت کرے گا، ان کے علاوہ جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس حسن نواز مخدوم بینچ میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا تھا، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ جاری کیا، ای سی پی نے اپنے فیصلے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ریفرنس منظور کیا اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے رُکنِ قومی اسمبلی کو تعلیمی اسناد جعلی ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔

قبل ازیں رواں برس مئی میں الیکشن کمیشن میں رکن قومی اسمبلی کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی اسناد سے متعلق دائر درخواست کی سماعت مکمل کی تھی جس کے بعد تین رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، اب فیصلہ سناتے ہوئے ناصرف جمشید دستی کی نشست خالی قرار دیدی گئی بلکہ الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دینے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اسناد سے متعلق جھوٹا بیان اور غلط ڈکلیئریشن دینے پر جمشید دستی کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کی کارروائی بھی شروع کردی، اس حوالے سے 3 رکنی کمیشن نے 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔