پابندیوں کا میکا نزم فعال کرنے کا سب سے زیادہ نقصان پورپ کو ہوگا ، ایران کا انتباہ

منگل 29 جولائی 2025 11:53

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ایران نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ 2015کے جوہری معاہدے کے تحت طے شدہ پابندیوں کا میکا نزم فعال کرنے کا سب سے زیادہ نقصان پورپ کو ہی ہوگا ۔ العربیہ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف مجید خادمی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اگر یورپی ممالک نے کوئی قدم اٹھایا تو ایران کے پاس بھی مؤثر جوابی اقدامات کے راستے موجود ہیں۔

یاد رہے کہ 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے میں ایران، یورپ، امریکا، چین اور روس شامل تھے۔ اس معاہدے کے تحت ایران کے جوہری پروگرام پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں جبکہ ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں مرحلہ وار اٹھانے کا وعدہ کیا گیا۔تاہم، 2018ء میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے سے یکطرفہ علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دیں۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس فرانس ، برطانیہ اور جرمنی نے معاہدے سے وابستگی برقرار رکھی اور ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھی، جس سے ایران پر بین الاقوامی پابندیاں مؤخر ہو گئیں۔تاہم اب یورپی طاقتیں ایران پر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام لگا رہی ہیں اور پابندیوں کا میکا نزم کو فعال کرنے کی دھمکی دے رہی ہیں۔ اس میکانزم کے تحت ایران پر دوبارہ اقوام متحدہ کی پابندیاں اکتوبر میں عائد کی جا سکتی ہیں، جس سے ایران بچنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ایران ماضی میں دھمکی دے چکا ہے کہ اگر ایسی پابندیاں دوبارہ لگائی گئیں تو وہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے بھی علیحدگی اختیار کر سکتا ہے، تاہم ایرانی قیادت اس منظرنامے سے بچنا چاہتی ہے۔