بیجنگ ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد، اسٹریٹجک ،مضبوط سرمایہ کار شراکت دار رہا ہے‘ خاد م حسین

منگل 29 جولائی 2025 14:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ بیجنگ ہمیشہ سے پاکستان کا قابل اعتماد، اسٹریٹجک اور مضبوط سرمایہ کار شراکت دار رہا ہے لیکن بد قسمتی سے ہم ان غیر معمولی تعلقات سے اس طرح استفادہ نہیں کر سکے جو ہماری ضرورت ہے ،پاکستان چین سے زرعی، صنعتی اور معدنی شعبوں میں جوائنٹ ونچر کر کے ٹیکنالوجی کے حصول پر توجہ مرکوز کرے ،اگر چین کی تکنیکی مہارت اور سرمایہ جو سی پیک کے ذریعے پہلے ہی مضبوط بنیاد رکھتا ہے ان اہم شعبوں میں مرکوز کیا جا ئے تو اس کا نتیجہ صرف تجارتی بہا ئوہی نہیں بلکہ پاکستان کی مجموعی ترقی کی سمت کو بھی ازسرِنو متعین کرنے والا فیصلہ کن اثرات کا حامل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میںاستعداد کار میں اضافہ اور انفراسٹرکچر کے نفاذ میں چین کا ریکارڈ قابل تعریف ہے جبکہ ہم مطلوبہ استعداد نہ ہونے کی وجہ سے سی پیک سے سو فیصد معاشی نتائج حاصل نہیں کر سکے ۔ اب جب سی پیک کا اگلا مرحلہ صنعتی تعاون اور پائیدار ترقی کو ہدف بنا رہا ہے، زرعی اور معدنی شعبے میں یہ نئی توجہ اس راہداری کو ایک حقیقی کثیر جہتی معاشی فریم ورک میں وسعت دے سکتی ہے ، ہماری ساری توجہ اپنی استعدد بڑھانے پر مرکوز ہونی چاہیے تاکہ ہماری معیشت کو پائیدار ترقی مل سکے۔