ہوش کے ناخن لو ورنہ یہ سرزمین ہمیشہ کیلئے تمہاری پہنچ سے دور ہوجائیگی، باجوڑ آپریشن پر گل ظفرخان کا ردعمل

پہلے ان لوگوں کو یہاں خود لا کر آباد کیا گیا اور اب کرفیو لگا کر ان کے خلاف آپریشن کے بہانے شاید ہمارے معدنی وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؛ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 12:06

ہوش کے ناخن لو ورنہ یہ سرزمین ہمیشہ کیلئے تمہاری پہنچ سے دور ہوجائیگی، ..
باجوڑ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلع باجوڑ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان نے علاقے میں ٹارگیٹڈ آپریشن پر ردعمل دے دیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے ضلع باجوڑ میں آج سے کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے، پہلے ان لوگوں کو یہاں خود لا کر آباد کیا گیا اور اب کرفیو لگا کر ان کے خلاف آپریشن کے بہانے شاید ہمارے معدنی وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایک بات یاد رکھیں کہ یہاں زبردستی آپ کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتے، اس لیے ہوش کے ناخن لو ورنہ یہ سرزمین ہمیشہ کے لیے تمہاری پہنچ سے دور ہو جائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقہ باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا، باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے تحصیل لوئی ماموند کے 16 علاقوں میں تین روز کے لیے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے، عسکریت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی 29 سے 31 جولائی تک کی جائے گی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے عوام کو گھروں سے نہ نکلے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر خیبرپختونخواہ کے علاقے نورڑ میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کنارے آئی ای ڈی بم نصب کرنے کی کوشش کو پولیس اور سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنة الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سڑک پر بم نصب کرنے کی کوشش کی، تاہم فوری اطلاع ملتے ہی پولیس اور فورسز نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کا گھیراو کر لیا، کارروائی کے دوران پولیس نے ڈرون کے ذریعے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جس سے ان کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے، دہشت گردوں کو جانی نقصان پہنچا اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔