منڈی بہاوالدین، بوڑھے والدین اور بیوی کا قاتل جوکالیاں بیلہ جنگل سے گرفتار کر لیا گیا، ایس ایچ او تھانہ بھاگٹ

منگل 29 جولائی 2025 16:23

منڈی بہاوالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے نواحی گاؤں سعداللہ پور میں خاندانی تنازعے نے قیامت برپا کر دی، جہاں ملزم احسان اللہ نے گھریلو ناچاقی، زمین فروخت کی رقم میں حصہ مانگنے کے باعث اپنے ہی بوڑھے والد محمد حسین، والدہ رسول بی بی اور بیوی ماریہ بی بی کو گولیاں مار کر بے رحمی سے قتل کر دیا تھا، پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاوالدین وسیم ریاض خان نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور فوری طور پر تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

ان ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹریکنگ اور محنت کے ساتھ صرف چند گھنٹوں میں مرکزی ملزم احسان اللہ کو جوکالیاں بیلہ جنگل سے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

تھانہ بھاگٹ کے ایس ایچ او محمد نواز گوندل کے مطابق، خاندان کے تین افراد کے قاتل کو جوکالیاں بیلہ جنگل سے گرفتار کر لیا ہے اور ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جب کہ پولیس کی مدعیت میں تہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گرفتار ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جس پر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے زمین کی فروخت کا حصہ رقم مانگنے پر انتہائی سفاک قدم اٹھاتے ہوئے باپ، ماں اور بیوی کا خون کیا، قانون کے مطابق اسے سخت سزا دی جائے گی، مقدمہ درج ہے، ملزم پولیس تھانہ بھاگٹ کی حراست میں ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے بھی نوٹس لیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔\378