ایران کی اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر بھارتی میڈیا پر کڑی تنقید

منگل 29 جولائی 2025 17:01

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) بھارت میں ایران کے سفارتخانے نے ایک سخت بیان میں ایران اسرائیل جنگ کے دوران جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر بھارتی میڈیا پر کڑی تنقید کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایرانی سفارتخانے کے باضابطہ بیان میں کہاگیاہے کہ اسرائیل کے ساتھ 12روزہ جنگ کے دوران بھارتی میڈیا نے اسلامی جمہوریہ ایران اور اسکی عظیم قیادت سے متعلق حقائق کے منافی خبریں جاری کیں جن کا مقصد محض سنسنی پھیلانا تھا۔

بھارتی میڈیا کی غیر مصدقہ خبروں سے نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی بلکہ ایران کے دفاعی و عسکری اداروں کی پیشہ ورانہ ساکھ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔سفارتخانے نے اظہار رائے کی آزادی اور درست معلومات سے آگاہ ہونے کے عوام کے حق سے متعلق کہاکہ بھارتی میڈیا کو چاہیے کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں غیرجانبداری اور شفافیت کو مدنظر رکھے اور ایران سے متعلق کسی بھی خبر کے لیے معتبر ذرائع پر انحصار کرے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرائیل کے ساتھ جنگ میں ایران نے صہیونی حکومت کو فیصلہ کن شکست دی، جسے عالمی سطح پر ایک اہم دفاعی کامیابی قرار دیا گیاہے۔ایرانی سفارت خانے نے بھارتی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافتی دیانت داری کا مظاہرہ کرے اورغیر ملکی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنے ۔