حکومت، سٹیٹ بینک اور تمام معاشی پالیسی ساز ادارے سود کی شرح کو سنگل ڈیجٹ میں لائیں، پیٹرن انچیف ایبٹ آباد چیمبر آف کامرس

منگل 29 جولائی 2025 17:09

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ایبٹ آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پیٹرن انچیف حاجی افتخار خان نے کہا ہے کہ حکومت وقت، سٹیٹ بینک اور تمام معاشی پالیسی ساز اداروں سے اپیل ہے کہ سود کی شرح کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے، یہ فیصلہ پاکستان کی معاشی بحالی اور کاروبار کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ منگل کو یہاں جاری پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان نے اپنی قومی قوت کا شاندار مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف ایک تاریخی فتح حاصل کر کے دنیا کو پیغام دیا، ہم ایک مضبوط قوم ہیں اور ہماری پہلی ترجیح امن، استحکام اور کاروباری ترقی ہے، اب وقت آ گیا ہے ہماری قیادت عسکری کامیابی کے ساتھ معاشی دانشمندی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بلند سود کی شرح نے صنعتی ترقی اور روزگار کے واقع کو محدود کیا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کو نقصان پہنچایا، کاروباری لاگت کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا ہے، برآمدات میں کمی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکا، اگر سود کی شرح کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تو یہ اقدامات ممکن ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، کاروباری افراد اور نوجوان سرمایہ کاروں کو آسان قرضوں تک رسائی، برآمدات کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانا، روزگار کے مواقع سے غربت میں کمی، عوام کا معاشی پالیسیوں پر اعتماد بحال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن اور ترقی چاہتے ہیں، پاکستان کی تاجر برادری ملک کی معاشی خوشحالی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے مگر اس کیلئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے، جہاں سرمایہ سستا اور ترقی کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے آئندہ مالیاتی پالیسی میں ایسا فیصلہ کریں جو ملک کی معیشت کو ایک نئے مستحکم اور خوشحال دور کی طرف لے جائے۔