امریکی ٹیرف کے باعث رواں سال 1.7 ارب ڈالر کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے، سٹیلانٹس

منگل 29 جولائی 2025 17:09

میلان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ملٹی نیشنل کار ساز کمپنی ’’سٹیلانٹس‘‘ کو امریکی ٹیرف کے باعث رواں سال کے دوران 1.7 ارب ڈالر کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آٹو کمپنی سٹیلانٹس نے منگل کو خبردار کیا ہے کہ اسے اس سال مزید معاشی دباؤ کا سامنا ہے جن میں 2025 میں امریکی ٹیرف کے باعث 1.5 ارب یورو (1.73 ارب ڈالر) کا ممکنہ مالی اثر شامل ہے۔

کمپنی کے مطابق رواں سال کی دوسری ششماہی کے دوران آپریٹنگ آمدنی کم سطح پر رہنے کا امکان ہے،یہ تخمینہ منگل سے نافذ ہونے والے ٹیرف قوانین کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ مجموعی 1.5 ارب یورو کے ٹیرف اثرات میں پہلی ششماہی کے 300 ملین یورو بھی شامل ہیں، یہ تخمینہ پچھلے ہفتے جاری کیے گئے 1.0 سے 1.5 ارب یورو کے تخمینی دائرہ کار کی بالائی حد پر ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کو اس سال دیگر چیلنجز بھی درپیش ہیں جن میں غیر ملکی زر مبادلہ کا اتار چڑھاؤ اور چینی مسابقت میں اضافہ شامل ہے۔اس اعلان کے بعد میلان کی مارکیٹ میں اسٹیلانٹِس کے شیئرز 2.3 فیصد گر گئے ۔نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر انتونیو فیلوسا نے بیان میں کہاکہ ہماری نئی قیادت چیلنجز سے باخبر ہے اور منافع بخش ترقی کو بحال کرنے اور نتائج کو بہتر بنانے کے لیے سخت فیصلے لیتی رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق سٹیلانٹِس کو زیادہ خطرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میکسیکو اور کینیڈا سے درآمدات پر لگائے گئے 25 فیصد ٹیرف سے ہے جو کہ پہلے سے موجود 2.5 فیصد ٹیرف کے علاوہ ہیں۔ کمپنی نے امریکہ میں گزشتہ سال 1.2 ملین گاڑیاں فروخت کیں جن میں سے 40 فیصد سے زائد میکسیکو اور کینیڈا سے درآمد کی گئیں۔سٹیلانٹس کو رواں سال کی پہلی ششماہی میں 2.3 ارب یورو خسارہ اور آمدنی میں 13 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔