Live Updates

عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانتوں کی اپیلوں پر سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی تین رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے جبکہ بینچ میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہوں گے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 جولائی 2025 15:30

عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانتوں کی اپیلوں پر سماعت کیلئے ..
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی 2025)سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانتوں کی اپیلوں پر سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دیدیا،عدالت عظمیٰ نے ان اپیلوں کی سماعت کیلئے تین رکنی نیا بینچ 12اگست کی سماعت کیلئے مقرر کیاہے،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس بینچ کی سربراہی کریں گے جبکہ بینچ میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔

قبل ازیں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی تاہم بانی پی ٹی آئی کے مرکزی وکیل سلمان صفدر کی بیرون ملک روانگی کے باعث سماعت ملتوی کردی تھی۔عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کی جانب سے نوٹس جاری کرنے کی فوری درخواست مسترد کر دی تھی۔خیال رہے کہ سلمان صفدر کی بیرون ملک روانگی کے باعث آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9مئی مقدمات میں ضمانت کی سماعت موخر کردی تھی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔سپریم کورٹ میں وکیل سلمان اکرم راجہ نے پیش ہو کر عدالت کو آگاہ کیا تھاکہ سلمان صفدر اس وقت ملک سے باہر ہیں اس لئے سماعت ملتوی کی جائے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت سے اگلے ہفتے کی تاریخ دینے اور تمام فریقین کو فوری نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے نوٹس جاری کرنے کی فوری درخواست مسترد کردی تھی۔

بعدازاں بانی پی ٹی آئی کے مرکزی وکیل سلمان صفدر کی بیرون ملک روانگی کے باعث سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی گئی تھی۔یاد رہے کہ اس سے سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقررکی گئیں تھیں۔بتایا گیا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس محمد شفیع صدیقی پرمشتمل دو رکنی بینچ درخواست گزار ملزم عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کی سماعت کرے گا۔

عدالت عظمی میں 9 مئی کی دہشت گردی اور جلاؤ گھیراؤسے متعلق مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی آٹھ اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کی گئیں تھیں۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 9 مئی کیس میں ضمانت منسوخی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں نو مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منسوخی کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیلیں ایڈووکیٹ سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی گئی تھیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات