بس اور ٹرک کے درمیان تصادم ، 18ہندو یاتری ہلاک

منگل 29 جولائی 2025 18:22

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں کم از کم 18 ہندو یاتری ہلاک ہو گئے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جھارکھنڈ کے علاقے دیو گھر میں ہندو یاتریوں کی بس اور گیس سلنڈروں سے بھرے ٹرک کے درمیان ٹکر سے 18یاتری ہلاک ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یاتری ہندو مہینے شراون کی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

حادثہ اس قدر شدیدتھا کہ بس مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔واضح رہے کہ بھارت میں ہر سال ہزاروں افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہو تے ہیں ۔بھارتی وزیرِ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کی طرف سے حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق2023میں سڑک حادثات میں ایک لاکھ 72ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔گزشتہ سال نومبر میں ریاست اتراکھنڈ میں ایک بس کھائی میں گرنے سے 36مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔