گزشتہ مالی سال میں ریلوے نے 93ارب روپے کمائے جو اہم کامیابی ہے‘ حنیف عباسی

منگل 29 جولائی 2025 23:03

گزشتہ مالی سال میں ریلوے نے 93ارب روپے کمائے جو اہم کامیابی ہے‘ حنیف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ادارے نے گزشتہ مالی سال میں 93ارب روپے کمائے جو اہم کامیابی ہے،نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں،چند اسٹیشنز پر پی او ایس مشینز نصب کر دی گئی ہیں، جبکہ 348اسٹیشنز پر اے ٹی ایم اور پی او ایس سہولیات جلد میسر ہوں گی، ریلوے کی ایمرجنسی سروس 117اب ہفتے کے 7دن، 24گھنٹے فعال ہوگی، مسافر پاک ریل ایپ کے ذریعے ٹرینوں کے شیڈول اور ٹکٹنگ سے متعلق تمام معلومات حاصل کر سکیں گے۔

پاک بزنس ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے مختلف شعبہ جات، جن میں کیٹرنگ، صفائی اور سلیپر فیکٹریز آئوٹ سورس کیے جا رہے ہیں۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان اور خانیوال میں صفائی کا جدید نظام نافذ کر دیا گیا ہے اور تمام اسٹیشنز کو 24 گھنٹے صاف ستھرا رکھنے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سے معاہدے کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاہور اسٹیشن پر 4 اسکیلیٹرز نصب کر دئیے گئے ہیں جبکہ کراچی میں تنصیب کا عمل جاری ہے، لاہور تا راولپنڈی ریل ٹریک کی اپ گریڈیشن کے لیے پنجاب حکومت نے 50 ارب روپے مختص کیے ہیں جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہو جائے گا۔اسی طرح روہڑی تا کراچی سیکشن پر کوئلہ لے جانے والی 105 کلومیٹر لمبی نئی ریلوے لائن پر کام اپریل 2030تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے بجلی کی قیمت فی یونٹ 15 روپے سے کم ہو کر 4.5 روپے تک آ جائے گی۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے پولیس میں 500 نئے اہلکار بھرتی کیے جا رہے ہیں، اسٹیشنز پر سکینرز، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سیفٹی کیمروں کی تنصیب کی جا رہی ہے،ریلوے میں اسمگلنگ اور بغیر ٹکٹ سفر پر اب سزا دی جائے گی۔