آئی جی اسلام آباد کی سینئر پولیس افسران کے ساتھ زوم میٹنگ، وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال و دیگر امور پر تبادلہ خیال

منگل 29 جولائی 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ زوم میٹنگ میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور عوام دوست پولیسنگ، شفافیت اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو ترجیح دینے کے احکامات جاری کئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم زوم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کا مقصد شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا، جرائم کے سدباب کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کرنا، عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانا اور پولیس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنانا تھا۔

(جاری ہے)

میٹنگ کے دوران وفاقی دارالحکومت میں جاری آپریشنز، موثر پٹرولنگ کے اقدامات، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور شہریوں کے لئے پولیس خدمات میں بہتری کے پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سینئر پولیس افسران نے آئی جی اسلام آباد کو مختلف علاقوں میں سکیورٹی کے مسائل، جرائم کی نوعیت اور ان کے حل کے لئے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ پولیسنگ کے تمام پہلوئوں میں عوامی اعتماد بحال رکھنے کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران قانون کے یکساں نفاذ، میرٹ پر کارروائی اور پیشہ ورانہ تربیت کے عمل کو ترجیح دیں،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال ، شفاف نظام اور جوابدہ پولیسنگ کے ذریعے ہی اسلام آباد ایک محفوظ، پرامن اور جرائم سے پاک شہر میں بدلا جا سکتا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شکایات پر فوری رسپانس اور قانون کی مساوی عمل داری کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنے ماتحت عملے کی نگرانی موثر انداز میں کریں اور عوامی شکایات کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھیں،تمام افسران تھانہ جات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے ، ایف آئی آر زکے بروقت اندراج، تفتیش کے عمل میں شفافیت اور شکایات کے فوری ازالے کو پولیسنگ کا لازمی جزو بنائیں ۔