بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اورنگی ٹاؤن شپ پروجیکٹ میں 320 سے زائد غیرقانونی لیز پر دیئے گئے پلاٹس منسوخ کرنے شروع کر دیئے

منگل 29 جولائی 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اورنگی ٹاؤن شپ پروجیکٹ میں 320 سے زائد غیرقانونی طور پر لیز پر دیئے گئے پلاٹس کی منسوخی کا عمل شروع کر دیا ہے، میئر کراچی کو مشکوک الاٹمنٹس سے متعلق شکایات موصول ہونے پر داخلی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا، انکوائری سے انکشاف ہوا کہ سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کے دور میں متعدد پلاٹس قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیز پر دیئے گئے، حیران کن طور پر صرف سال 2019 میں ایک ہی شخص کو 26 پلاٹس الاٹ کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 180 پلاٹس ایک ہی خاندان کے افراد اور قریبی ساتھیوں کو دیئے گئے، موجودہ پروجیکٹ ڈائریکٹر فیصل رضوی نے اس حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جس میں مجموعی طور پر 500 سے زائد غیرقانونی الاٹمنٹس کی نشاندہی کی گئی جن میں سے 180 پہلے ہی نشاندہی شدہ اور 320 نئی بے ضابطگیاں حالیہ مرحلے میں سامنے آئیں،ان غیرقانونی پلاٹس کی منسوخی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ کیسز ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سندھ کو قانونی کارروائی کے لیے بھیج دیے گئے ہیں،بلدیہ عظمیٰ کراچی نے زمینوں کے انتظام میں شفافیت اور جوابدہی کے عزم کو دہرایا ہے اور کہا ہے کہ فراڈ اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :