بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ: دو جرمن کوہ پیما خواتین متاثر، ریسکیو آپریشن جاری

منگل 29 جولائی 2025 21:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) گلگت بلتستان کے ضلع بلتستان کے علاقے ہوشے ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دو غیر ملکی خواتین کوہ پیما متاثر ہو گئی ہیں۔ ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق متاثرہ خواتین کا تعلق جرمنی سے ہے۔ ترجمان کے مطابق حادثے میں درمین لورا لینا شدید زخمی ہو گئی ہیں جبکہ کروس مرینہ ایوا سلائیڈنگ کے مقام پر پھنس گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے متعلقہ اداروں کو فوری ریسکیو آپریشن کی ہدایت جاری کی ہے۔ ریسکیو آپریشن میں افواج پاکستان کا تعاون حاصل ہے اور موقع پر ہیلی کاپٹر بھی تیار ہے تاہم خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن میں وقتی تعطل کا سامنا ہے۔ ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق متاثرہ خواتین کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں۔