مالٹا کا ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

بدھ 30 جولائی 2025 15:13

والیٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے کہا ہے کہ ان کا ملک ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔العربیہ اردو کے مطابق رابرٹ ابیلا نے یہ اعلان برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر کے اعلان کے چند گھنٹے بعد کیا جبکہ چند ہی دن قبل فرانس نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

رابرٹ ابیلا نےفیس بک پوسٹ میں کہا کہ ہمارا موقف مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کی کوششوں کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یاد رہے کہ رابرٹ ابیلا نے سب سے پہلے مئی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ جون میں اقوامِ متحدہ کی ایک کانفرنس میں ہو گا لیکن بعد میں یہ کانفرنس ملتوی کر دی گئی۔ آئرلینڈ، ناروے اور سپین نے مئی میں فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔