سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 23.75 فیصد اضافہ ہوا ،شماریات بیورو

بدھ 30 جولائی 2025 15:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) سیمنٹ کی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال 2024-25کے دوران 23.75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جون 2025 کے دوران برآمدات کی مالیت 329.8 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ جولائی 2023 تا جون 2024 کے عرصہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات سے 266.5 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس طرح مالی سال 2023-24کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2024-25کے دوران سیمنٹ کی ملکی برآمدات میں 63.3 ملین ڈالر یعنی 23.75 فیصد کی نمایاں بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔پی بی ایس کے مطابق اس دوران بالحاظ وزن بھی سیمنٹ کی برآمدات میں 28.71 فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم 7.08 ملین ٹن کے مقابلہ میں 9.12 ملین ٹن تک بڑھ گیا۔ اعدادو شمار کے مطابق جون 2025 میں سیمنٹ کی برآمدات میں 40.81 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت جون 2025 میں 41.8 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 4.67 فیصد کے اضافہ سے برآمدات کی مالیت 32.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ اس دوران درآمدات کے حجم میں بھی 6.57 فیصد کی بڑھوتری سے درآمدات کا حجم 54.8 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 58.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔\395