ملک میں گھروں کی تعمیر کیلئے ماحول دوست اینٹیں تیار

سیمنٹ ریت بجری میں پلاسٹک ملا کر تیار کی جانے والی ایکو برکس فرش اور بیرونی دیواروں میں بھی قابلِ استعمال ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جولائی 2025 15:26

ملک میں گھروں کی تعمیر کیلئے ماحول دوست اینٹیں تیار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2025ء ) ملک میں گھر اور دیگر تعمیرات کیلئے ماحول دوست اینٹیں تیار کرلی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ماحول دوست اینٹیں ایکو برکس کی تیاری شروع کردی گئی ہے، ان ایکو برکس کو سیمنٹ، ریت اور بجری میں 15 سے 20 فی صد پلاسٹک استعمال کرکے تیار کیا جا رہا ہے، ان اینٹوں کو فرش اور بیرونی چار دیواری میں بھی استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان ماحول دوست اینٹوں کو بنانے کا سلسلہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شروع کیا گیا ہے، اس حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں وفاقی وزیر ماحولیات شذرہ منصب علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ماحولیات نے بتایا کہ بجری، ریت اور سیمنٹ کے ساتھ پلاسٹک ویسٹ کو مکس کرکے ان ایکو برکس کی تیاری کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جو گھروں کے فرش کے علاوہ بیرونی چار دیواری میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں، پاکستان کو پلاسٹک ویسٹ فری بنانے کے لیے ایکو برکس کی تیاری ایک بہت اچھا قدم ہے کیوں کہ پاکستان میں سالانہ 39 لاکھ ٹن کوڑا پیدا کیا جاتا ہے اور ان ایکو برکس کی تیاری جیسے منصوبوں کی مدد سے انسانی ماحول کے لیے انتہائی خطرناک میٹریل کو مستقبل میں بہت مثبت انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ماہرین نے پاکستان میں ماحولیاتی اینٹوں کے استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ گرین ہاؤس گیس کے اخراج کو کم کیا جا سکے اور پلاسٹک کے فضلے کو الگ کیا جائے، ماحولیاتی سائنسدان ڈاکٹر محمد اکبر کہتے ہیں کہ ایکو برکس کو عام طور پر پلاسٹک کی خالی بوتلوں اور دیگر ناقابل ری سائیکل پلاسٹک کو پائیدار تعمیراتی مواد میں تبدیل کرکے بنایا جاتا ہے، ماحولیات دوست اینٹیں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے میں مدد کرتی ہیں اور لینڈ فلز و سمندروں پر ہونے والے اس کے نقصان دہ اثرات کو کم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایکو برکس وسائل سے بھرپور روایتی مواد پر انحصار بھی کم کرتی ہیں، استعمال شدہ پلاسٹک کی قسم کی بنیاد پر ایکو برکس متعدد اقسام کی ہو سکتی ہیں جن میں بوتل کی اینٹ سمندری ماحولیاتی اینٹیں اور سیگ برکس شامل ہیں، دیگر اقسام کے ماحول دوست اور پائیدار عمارت کی تعمیراتی اینٹوں میں جو تعمیراتی فضلے اور ری سائیکل شدہ مواد سے بنی ہیں ان میں فلائی ایش، سیمنٹ برکس، ایف اے سی بی، فلائی ایش جیو پولیمر برکس، ایف اے جی بی کمپریسڈ اسٹیبلائزڈ ارتھ بلاکس، سی ایس ای بی انٹر لاکنگ اسٹیبلائزڈ کنسٹرکشن ری سائیکل شامل ہیں۔