آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا نادرا کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا

بدھ 30 جولائی 2025 17:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) آزاد جموں وکشمیر میں کمپیوٹرائزڈ الیکٹو رل رول سسٹم کی تیاری کے حوالہ سے آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا نادرا کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے راجہ محمد شکیل خان سیکرٹری الیکشن کمیشن،حکومت آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے راشد حنیف سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نادرا کی جانب سے رحمان قمر چیف پراجیکٹ آفیسر نادرا نے دستخط کئے۔

اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموںو کشمیر سید نظیر الحسن گیلانی اور چیئرمین نادرا لیفٹینٹف جنرل محمد منیر افسربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت نادرا آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو کمپیوٹرائزڈ الیکٹو رل رول سسٹم تیار کر کے دینے کے علاوہ کمیشن کے 10ضلعی اور04 دیگر دفاتر میں اس سسٹم کی تنصیب بھی عمل میں لائے گا۔نادرا کمیشن کواس سسٹم کے لئیاستعمال ہونے والا سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئربھی فراہم کرے گااوراس جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے متعلقہ عملہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ان کی ضروری تربیت کے اہتمام کے علاوہ اس سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے لئے کمیشن کی ہر طرح کی تکنیکی اور فنی معاونت بھی کرے گا۔

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مرکزی اور ضلعی دفاتر میں اس سسٹم کی تنصیب کے بعد انتخابی فہرستوں کی تیاری اوران میں ووٹوں کے اندراج،اخراج،تبدیلی اور درستگی وغیرہ سے متعلقہ جملہ امور اور حلقہ بندیوں کی تحدیدو تشکیل سے متعلقہ تمام تر معاملات جدید ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مد د سے انجام پذیر ہونا شروع ہو جائیں گے۔آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن میں کمپیوٹرائزڈ الیکٹو رل رول سسٹم کا استعمال آئندہ ہونے والے عام انتخابات اور لوکل باڈیز کے انتخابات کو صاف و شفاف بنانے اور انتخابی عمل پررائے دہندگان کا اعتماد بڑھانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہو گا۔یہ بات ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی۔