مکہ مکرمہ کی تاریخ و ثقافت کو محفوظ کرنے کے نئے منصوبے کا آغاز

پیغمبرِ اسلام کی سوانح اور اسلامی تہذیب کے بین الاقوامی میوزیم کا افتتاح کردیاگیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 14:58

مکہ مکرمہ کی تاریخ و ثقافت کو محفوظ کرنے کے نئے منصوبے کا آغاز
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)مکہ مکرمہ کی تاریخ و ثقافت کے تحفظ کے لیے مکہ سٹی اور حرمینِ شریفین رائل کمیشن نے نئے منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ کے تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے نئے منصوبے کا آغاز کر دیا۔ کمیشن کے سربراہ صالح الرشید نے گزشتہ روز بتایا کہ نئے منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ کے تاریخی ورثے کو محفوظ کیا جائے گا اور اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے لوگوں کے سامنے لایا جائے گا جس سے شہرِ مکہ کی گہری مذہبی اور ثقافتی اہمیت اجاگر ہوگی اور زائرین کے لئے بہترین تجربہ ثابت ہو گی۔

اس اقدام کے تحت 98 اہم مقامات کی شناخت کی گئی ہے جن میں سے 64 کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا لیکن اس کے لئے جس معیار کو سامنے رکھا جائے گا اس میں سائٹ کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت، اِستناد، سائٹ کا بے مثال ہونا اور فاصلے کے لحاظ سے مسجد الحرام سے قربت ہیں۔

(جاری ہے)

اہم سنگ مِیل میں 2023 میںحرا کلچرل ڈسٹرکٹ اور ریوِی لیشن ایگزیبشن کے افتتاح کے علاوہ جبل الرحمہ سائٹ کی بحالی کئی گئی اور زائرین کے لئے خدمات کی بہتری اور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا گیا۔

2024 کے آغاز میں عین زبیدہ (نہر زبیدہ) سائٹ کو کدانا ڈویلپمنٹ کمپنی کے اشتراک کے ساتھ تعمیر کیا گیا اور اس میں ایک کلو میٹر طویل ہائیکنگ کدانہ ٹریل، تفریحی ایریا اور ملٹی میڈیا کی نمائش بھی کی گئی۔ رواں سال پراجیکیٹس کو مزید وسعت دیتے ہوئے مسجد البیع کو بحال کیا گیا، عوام میں مقبول فوڈ سٹریٹ وجود میں آئی اور حرمین شریفین کے فنِ تعمیر کی نمائش کو مزید بہتر بنایا گیا۔

دیگر اقدامات میں جامعہ ام القری میں اسلامی مسودے کے میوزیم اور معلومات بڑھانے والے دوروں کا آغاز کیا گیا۔ایک اہم پیشرفت کے تحت اسی دوران پیغمبرِ اسلام کی سوانح اور اسلامی تہذیب کے بین الاقوامی میوزیم کا افتتاح کیا گیا جس میں رسولِ اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور اسلامی تہذیب کی وراثت پر مبنی کئی زبانوں پر مشتمل دستاویزات اور اشیا کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

تعمیر و ترقی کے دیگر اقدامات میں مسجدالحرام میں کتب خانے کی افادیت میں اضافہ جس میں پہلے سے ساڑھے تین لاکھ کتابیں اور مسودات موجود ہیں اور شہر میں پبلک پارکس اور پیدل چلنے والوں کے لئے راستوں کو استعمال کے لئے تیار کرنا شامل ہے۔کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ یہ کوششیں اس مربوط وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت مکہ کی تاریخی اور ثقافتی سائٹس کو سنبھالنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے کام کو کئی زبانوں پر مشتمل مواد کے ذریعے پیش کرنا اور اسے ایک وسیع ثقافتی منزلِ مقصود سے جوڑنے سے مکہ کی مذہبی، تاریخی اور ثقافتی شناخت بڑھے گی اور دیکھنے والوں کے تجربے کو بہتر بنائے گی۔