چارلی کرک کے مبینہ قاتل کو گرفتارکرلیا گیا، ٹرمپ کا دعویٰ

مشتبہ شخص کے والد نے پولیس کے حوالے کیا، انکشاف

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:36

چارلی کرک کے مبینہ قاتل کو گرفتارکرلیا گیا، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن / نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ قدامت پسند رہنما چارلی کرک کے قتل میں ملوث مشتبہ شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ گرفتاری بڑے پیمانے پر تلاشی کے بعد عمل میں آئی، اور مزید تفصیلات جلد ایک پریس بریفنگ میں جاری کی جائیں گی۔ٹرمپ نے میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس وہی ہے۔

قاتل کی شناخت اٴْس کے ایک قریبی شخص نے کی، جو اٴْس کی حرکات و سکنات سے بخوبی واقف تھا۔’صدر نے یہ بھی اشارہ دیا کہ مشتبہ شخص کے والد نے اٴْسے خود پولیس کے حوالے کیا۔ تاہم مشتبہ شخص کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایف بی آئی اور ریاستی اداروں نے سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج جاری کی تھی، جس میں مشتبہ قاتل کو کالی شرٹ، سیاہ چشمے اور بیس بال کیپ پہنے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

شرٹ پر امریکی پرچم اور عقاب کی تصویر نمایاں تھی۔پولیس کے مطابق حملہ آور تقریب شروع ہونے سے کچھ دیر قبل یونیورسٹی کی چھت پر پہنچا اور وہاں سے فائرنگ کی۔ جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والی بولٹ ایکشن رائفل کو قتل میں استعمال شدہ ہتھیار قرار دیا جا رہا ہے۔چارلی کرک، جو قدامت پسند نظریات، بندوق رکھنے کے حق اور ریپبلکن پارٹی کو نوجوانوں میں مقبول بنانے کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے تھے، اس حملے کا نشانہ بنے۔ ان کے قتل نے امریکا بھر میں ہلچل مچا دی ہے۔