کوہستان لوئر،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کا دوبیر بازار کا دورہ،گرانفروشوں پر جرمانے عائد کیے

بدھ 30 جولائی 2025 17:27

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہستان لوئر نے دوبیر بازار کا دورہ کر کے گراں فروشوں پر جرمانے عائد کیے۔ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدیل حسین شاہ نے بدھ کے روز دوبیر بازار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شیائے خورد و نوش،میڈیکل سٹورز اور دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے گراں فروشی،صفائی کی ناقص صورتحال اور پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے جیسی خلاف ورزیوں پر متعدد دکانداروں کو موقع پر ہی جرمانے عائد کیے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو بھی متنبہ کیا گیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔