چاغی میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنا اور ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ کو پکڑنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، دہشت گردوں کو ریاست مخالفت بیانیے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:06

چاغی میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنا اور ایک ہائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف چاغی میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک زخمی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، ہائی ویلیو ٹارگٹ کو پکڑنا سکیورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے، دہشت گرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے،دہشت گردوں کو ریاست مخالفت بیانیے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان میں کارروائیوں میں ملوث ہیں، دہشت گردوں کے خلاف سیٹلائٹ سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں گے، کسی کو بلوچستان کا امن متاثر نہیں کرنے دیں گے۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز چاغی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پیشے کے لحاظ سے زبیر نامی وکیل دوسرے ساتھی نثار کے ساتھ مارا گیا جبکہ جہانزیب نامی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو ایئر فورس کے جوان جو راولپنڈی اور تلہ گنگ کے رہنے والے تھے، کچھ عرصہ پہلے انہیں 8 مئی 2025 ء کو دالبدین میں ٹارگٹ کر کے شہید کر دیا گیا تھا جب وہ بازار سے خریداری کے بعد واپس ریڈار پر جا رہے تھے، اس کے بعد مختلف گرفتاریاں کی گئیں، ان گرفتاریوں کے بعد دو سے تین مہینے کی ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کے بعد مزید گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کی نشاندہی پر گزشتہ علی الصبح سکیورٹی فورسز اس گھر تک پہنچیں اور اس گھر کو گھیرے میں لیا، لائوڈ سپیکرز پر ریاست یا ریاستی فورسز کے سامنے سرینڈر کرنے کا کہا گیا تووہاں سے فوراً فائرنگ شروع ہو گئی، فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا جوان شدید زخمی ہوا، جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ، جوابی کارروائی کے دوران زبیر اور نثار ہلاک ہو گئے جبکہ جہانزیب نامی دہشت گرد نے سرنڈر کر دیا۔

زبیر عرف شاہ جی یہاں موجود چائنیز کی سرگرمیوں، مائننگ منرلز، ایف سی ہیڈ کوارٹر میں نقل و حمل پر نظر رکھتا تھا اور دالبندین میں ہتھیار اور دیگر مواد سپلائی کرتا تھا، مصدقہ اطلاع ملنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر گرفتار دہشت گرد جہانزیب کی ویڈیو بھی چلائی گئی ہے جس میں دہشت گرد جہانزیب نے ویڈیو بیان میں مختلف کارروائیوں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ دالبندین کا علاقہ بلوچستان کا وہ ریجن ہےجو ایرانی بارڈر کے ساتھ ہے اور پچھلی کئی دہائیوں سے وہ علاقہ بہت پر امن رہا ہے، گرفتار دہشت گرد اس علاقہ میں بی ایل اے کے لئے ریکروٹمنٹ کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی متعدد کارروائیوں کو بروقت ناکام بنایا ہے، ہائی ویلیو ٹارگٹ کو پکڑنا فورسز کی اہم کامیابی ہے۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ انتہا پسند نوجوانوں کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں، کسی کو بلوچستان کا امن متاثر نہیں کرنے دیں گے، لاپتہ افراد سے متعلق مہارنگ بلوچ پروپیگنڈا کر رہی ہے ، ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، والدین اپنے بچوں کو دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ 100فیصد را بیسڈ جنگ ہے، ٹارگٹ کر کے شہید کرنے والے دہشت گردوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، دہشت گرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، بلوچستان میں قیام امن کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین فضائی اور زمینی آپریشن ضروری ہیں۔