Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:58

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرک بس سروس ..
ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرو بس پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔تقریب میں وفاقی توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،ضلعی افسران اور مسلم لیگ ن کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کیلئے 101 الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی جبکہ جلد ہی ڈیرہ غازی خان میں میٹرو بس سروس بھی شروع کی جائے گی۔

راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ اور تونسہ سمیت ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ نے تقریب کا آغاز سرائیکی زبان میں کیا اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’تساں دے کول آ کے بہوں خوشی تھئی اے، تہاکوں ڈیکھ کے ہاں ٹھر گیا اے‘‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں تخت لاہور ہے، وہیں تخت بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور ڈیرہ غازی خان بھی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے عزت اور پیار کی چادر اوڑھائی، جو ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے عوام کی خوشی دیکھ کر حوصلہ بڑھ رہا ہے، اربوں روپے خرچ ہو جائیں مگر ڈیرہ غازی خان کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دوں گی اور جو پنجاب کے عوام کی طرف انگلی اٹھائے گا اسے سختی سے روکا جائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں سے اڑھائی کروڑ افراد روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں اور پنجاب کے ہسپتال دوسرے صوبوں کے عوام کے لیے بھی کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آفت آئے تو پنجاب ساتھ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیے جنوبی، وسطی اور بالائی پنجاب میں کوئی فرق نہیں، سب برابر ہیں اور وہ سب کی وزیر اعلیٰ ہیں۔مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ سائوتھ پنجاب کے عوام کو سب سے پہلے الیکٹرو بس اور غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے منصوبے دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے موٹروے اور ایکسپریس وے جیسے بڑے منصوبے سائوتھ پنجاب کو دیے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے اور بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو 10 ہزار نہیں بلکہ لاکھوں روپے تک دینے کا عزم رکھتی ہیں تاکہ ان کے نقصان پورے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بیرونی امداد کے بغیر اپنے وسائل سے منصوبے مکمل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے لوگوں کے خوابوں کو اب تعبیر مل رہی ہے، مجھے فخر ہے کہ بارڈر ملٹری پولیس میں پنجاب کی بیٹیاں یونیفارم پہن کر خدمات انجام دے رہی ہیں،عوام سے اپیل کی کہ وہ الیکٹرو بسوں کو اپنی سواری کی طرح صاف اور محفوظ رکھیں کیونکہ یہ منصوبے عوام کی امانت ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے نقصان پہنچایا تو سخت کارروائی ہوگی،میانوالی میں الیکٹرو بس پر پتھر پھینکنے والے شخص کو گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے گا۔خطاب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ان کی پوری کابینہ عوام کی خدمت کے لیے جاگ رہی ہے اور وہ عوامی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات