فارماسسٹ معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں ، ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:58

فارماسسٹ معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں ، ڈاکٹرفردوس عاشق ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فارماسسٹ معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ نہ صرف مریضوں کو درست ادویات کی فراہمی یقینی بناتے ہیں بلکہ عوام کو ادویات کے محفوظ اور مؤثر استعمال کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں، جدید دور میں فارماسسٹ محض دوائیں دینے تک محدود نہیں رہے بلکہ وہ ہیلتھ کیئر ٹیم کے ایک لازمی رکن کی حیثیت رکھتے ہیں جو علاج کے معیار کو بہتر بنانے، بیماریوں کی روک تھام اور مریضوں کی رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ فارماسسٹ کے موقع پر شریفاں بی بی میموریل ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال میں فارماسسٹ کمیونٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان فارماسسٹ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید نکھاریں تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات عالمی معیار کے مطابق فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ فارماسسٹ کے کردار کو مزید تقویت دینے کے لیے جدید ٹریننگ پروگرامز اور ریسرچ کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ملک میں صحت عامہ کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکے۔