اٹک،اولاد نہ ہونے پر بہو کو قتل کرنے والے خاوند، ساس اور سسر گرفتار، آلۂ قتل کی برآمدگی کے لیے تفتیش شروع

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:06

اٹک،اولاد نہ ہونے پر بہو کو قتل کرنے والے خاوند، ساس اور سسر گرفتار، ..
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) تھانہ سٹی اٹک پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اولاد نہ ہونے کی بناء پر بہو کو قتل کر کے فرار ہونے والے خاوند، ساس اور سسر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے آلۂ قتل کی برآمدکرلیا۔ 16 ستمبر 2025 کو ولی محمد ولد عبدالمالک سکنہ عنائیت کلے (میدان، باجوڑ ایجنسی) نے تھانہ سٹی اٹک کو بیان دیا کہ اس کی بھتیجی مسماۃ ح بی بی کی شادی چند برس قبل احسان اللہ ولد ظاہر خان سے ہوئی تھی۔

دونوں میاں بیوی اولاد سے محروم تھے جس پر اکثر گھر میں جھگڑے رہتے تھے اور شوہر بیوی کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا رہا۔مورخہ مذکورہ دن اطلاع ملی کہ احسان اللہ نے اپنی بیوی کو قتل کر دیا ہے۔ پولیس کو اطلاع دینے پر جب گھر کا دروازہ کھولا گیا تو اندر سے مسماۃ ح بی بی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید ٹیکنالوجی و ہیومن ریسورسز کی مدد سے ملزمان ظاہر خان ولد مرسلین خان، م بی بی زوجہ ظاہر خان، احسان اللہ ولد ظاہر خان اور اصغر خان ولد حسن خان (سکنائے حال اٹک شہر) کو گرفتار کر لیا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے ان کے نشانے پر تھی۔ اسی رنجش کے باعث اسے ڈنڈے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا اور پکڑے جانے کے خوف سے گھر میں لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور آلۂ قتل برآمد کر کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی\378