اولین ترجیح وادی نیلم آنے والے سیاحوں کی حفاظت ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

بدھ 30 جولائی 2025 18:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید نے وادی نیلم کے علاقے شاردہ کا دورہ کیا اور سیاحتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اطلاعات نے دریائے نیلم میں پاور بوٹ بھی چلائی اور ایڈونچر ٹورزم کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شاردہ وادی نیلم میں نوجوانوں کے ساتھ تیراکی بھی کی۔

مقامی بوٹنگ کلبز کے ذمہ داران نے وزیر اطلاعات سے ملاقات بھی کی۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح وادی نیلم آنے والے سیاحوں کی حفاظت ہے، سیاحوں کی حفاظت کے لیے مقرر کردہ ایس او پیز پر کسی حوالے سے کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت آزاد خطہ میں سیاحت کی صنعت کے فروغ کے لیے ترجیح بنیادوں پر کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وادی نیلم کی قدیم روایات کے امین اور تاریخی ورثے کے حامل خوبصورت سیاحتی مقام شاردہ میں مہماتی سیاحت کے فروغ کے لیے ریور رافٹنگ اور پاور بوٹنگ کی جدید سہولیات موجود ہیں۔ پیر محمد مظہر سعید نے کہا کہ ایڈونچر ٹورزم کے فروغ کیلئے اس شعبے کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر اجاگر کر کے حل کیا جائے گا۔انہوں نے مقامی کلبز کے حفاظتی انتظامات، فوری ریسکیو خدمات اور انسانی جانوں کو بچانے کی استعداد کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نےکہا کہ سیاحت سے وادی نیلم کا مستقبل جڑا ہوا ہے، سیاحت سے بڑی تعداد میں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ دنیا بھر میں ایڈونچر ٹورزم کی سرگرمیوں کو محفوظ بنانے کے لیے انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے اور شاردہ کے کلبز بھی ان ایس اوپیز کی پیروی کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔