وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ستھرا پنجاب کے انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی ہے، حافظ عاصم محمود

بدھ 30 جولائی 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) انچارج مانیٹرنگ و انسپکشن ستھرا پنجاب پروگرام حافظ عاصم محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ستھرا پنجاب کے انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ پنجاب کے دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی آپریشن کیا جارہا ہے،ملتان ڈویژن ستھرا پنجاب پروگرام میں مثالی صفائی کے ذریعے نمایاں پوزیشن پر ہے،جس کا کریڈٹ ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کو جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دورہ ملتان کا دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حافظ عاصم محمود نے ڈبل پھاٹک، لکڑ منڈی، ممتاز آباد کچی آبادی، خونی برج، دولت گیٹ، قلعہ کہنہ، دہلی گیٹ، دربار شاہ رکن عالم اور گھنٹہ گھر چوک سمیت دیگر مقامات کا وزٹ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس دوران ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبد الرزاق ڈوگر اور ڈویژنل مینجر آپریشنز انوار الحق نے انہیں بریفننگ دی۔

حافظ عاصم محمود نے کچی آبادی ممتاز آباد میں سیوریج مسائل حل کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ شہری صفائی صورتحال پر مطمن ہیں اور صفائی ورکرز کام کرتے نظر آرہے ہیں،شہراولیاءکو اس سے قبل اتنا صاف ستھرا نہیں دیکھا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام صفائی کو مزید مثالی بنائیں، تاکہ عوام الناس کو واضح تبدیلی نظر آسکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صفائی آپریشن کے ذمہ دار کنٹریکٹرز کی کڑی مانیٹرننگ کی جارہی ہے اور غفلت پر انکے خلاف سخت ایکشن بھی لیا جارہا ہے۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے دوران شہر سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کی شرح ڈبل ہوگئی ہے جو کہ کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی مثالی صفائی کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ انچارج مانیٹرنگ و انسپکشن ستھرا پنجاب پروگرام نے ملتان انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور اظہار اطمینان کیا۔