حکومت پنجاب کے ویژن اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

بدھ 30 جولائی 2025 22:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) حکومت پنجاب کے ویژن اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایات پر ملاوٹ مافیا کے خلاف ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی کی قیادت میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے چوک اعظم، پیر جگی روڈ لیاقت آباد اور کوٹ ربانی میں کھویا یونٹس اور ملک پوائنٹس پر اچانک چھاپے مارے۔

کارروائی کے دوران 100 کلو ملاوٹی کھویا اور 450 لٹر ناقص دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ غیر معیاری دودھ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والا چلر بھی ضبط کر لیا گیا۔ کھویا یونٹ اور ملک کولیکشن سنٹر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے اور ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید براں، ایک ملک شاپ کو صفائی کے ناقص انتظامات اور معیار پر پورا نہ اترنے پر 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا جبکہ اصلاحِ احوال تک متعلقہ فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی جاری رہے گی تاکہ عوام تک محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔