خواجہ شیراز محمود کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس

بدھ 30 جولائی 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا 11 واں اجلاس پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) لیبارٹریز کمپلیکس، فیروز پور روڈ، لاہور میں خواجہ شیراز محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے بعد اجلاس کے آغاز پر چیئرمین اور ممبران نے چیئرمین یا کمیٹی کو بتائے بغیر وفاقی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے کہا کہ اس بریفنگ کی تاریخ سیکرٹری کے اتفاق رائے اور سہولت سے طے کی گئی تھی اور ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایک نکاتی ایجنڈا زیر غور نہیں لایا جا سکا۔

(جاری ہے)

اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی اراکین نے فاصلے طے کر کے اور اپنی ذاتی مصروفیات کو قربان کر کے کمیٹی کے اہم مینڈیٹ کو پورا کرنے کے لیے اپنا وقت وقف کیا۔ انہوں نے پارلیمانی نگرانی کی اہمیت اور اپنے اجتماعی وقت اور مہارت کے نتیجہ خیز استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

کمیٹی نے وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے سینئر حکام کو ہدایت کی سیکرٹری وزارت سائنس کو اجلاس میں بلا وضاحت شرکت نہ کرنے کے حوالہ سے کمیٹی کے عدم اطمینان سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔بعد ازاں کمیٹی نے ایجنڈا جمعرات کی صبح 11:00 بجے تک موخر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سیکرٹری وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کو یقینی بناتے ہوئے بریفنگ دیں گے۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سیما محی الدین جمیلی، بیگم تہمینہ دولتانہ (بذریعہ زوم)، شہناز ملک، محمد امیر سلطان، میاں غوث محمد، محمد معظم علی خان کے علاؤہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کے سینئر حکام اور پی سی ایس آئی آر لاہور کی سینئر مینجمنٹ نے بھی شرکت کی۔