حکومت تعلیم کے بہتری کے لئے پر عزم ہے ، ہونہار طلبا و طالبات بلو چستان کا مستقبل ہیں، صو بائی و زیر تعلیم

جمعرات 31 جولائی 2025 15:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) صو بائی و زیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا ہے کہ صو بائی حکومت تعلیم کے بہتری کے لئے پر عزم ہے یہی وجہ ہے کہ صو بے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے کئی بڑے بڑے چلینجز اورمسائل کا سامنا ہے لیکن بہت سارے بڑے مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کیا گیا،ہونہار طلبا اور طالبات بلو چستان کا مستقبل ہیں، صو بے اور ملک کی ترقی میں طلبا اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کے روز بینظیر سکالرشپ پروگرام بلوچستان کے 30اضلاع سے تعلق رکھنے والے 180ہونہار طلباءو طا لبات میں چیک تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیم صالح ناصر، ڈائریکٹر ایڈمن شوکت علی ، محکمہ تعلیم کے افسران اور صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ہونہار طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجودتھی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے کہا ہے کہ تمام ہونہار طلباء و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں، یہ طلباءان لاکھوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے یہ مقام حاصل کیا ہے ، صوبائی حکومت نے تعلیم کے مسائل حل کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں،تعلیمی ایمرجنسی کے دوران فوری حل طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے ساتھ ساتھ کالجز کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں اور کالجز کے اساتذہ کو تربیت کے لیے اسلام آباد بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے وز یر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے بلو چستان میں دانش سکول کے قیام کو سراہتے ہو ئے کہا کہ اس سے صوبے کے ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم حاصل ہوگی جس سے بلو چستان کے طلبا کے لئے ملک کی بڑی جامعات میں سیٹوں میں اضا فہ کیا گیا ہے، حکومت طلبہ کو ہر ممکن وسائل فراہم کریگی ۔