جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا ازالہ کئے بغیر مذاکرات نہیں ہوں گے، ایران

جمعرات 31 جولائی 2025 16:00

تہرا ن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ایران نے امریکا سے جوہری پروگرام پر حالیہ حملوں کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک وہ اس نقصان کی تلافی اور مستقبل میں حملے نہ دہرانے کی ضمانت نہیں دیتا ہے اس وقت تک مذاکرات دوبارہ شروع نہیں ہوں گے۔ تاس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ عوامی سطح پر بھی امریکہ پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یورپی ممالک کے ساتھ مذاکرات کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ان سے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ وہ نہ پابندیاں ختم کر سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی عملی اقدام کر سکتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یورپی ممالک نے ’سنیپ بیک‘ میکانزم فعال کیا، جس کے تحت ایران پر اقوامِ متحدہ کی پرانی پابندیاں بحال ہو سکتی ہیں، تو یہ ان کے لیے مذاکراتی عمل کا اختتام ہوگا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ حملوں کی دھمکی دی ہے جس پر ایران نے سخت ردعمل کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ 2025 میں ایران اور امریکہ کے درمیان پانچ مذاکراتی دور کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہو چکے ہیں۔