موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف فوری اور درست اقدامات کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر مصدق ملک

جمعرات 31 جولائی 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف اگر فوری اور درست اقدامات نہ کئے گئے تو دنیا ایک ایسے نکتے تک پہنچ سکتی ہے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو،موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد دراصل انصاف کا معاملہ ہے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے ایتھوپین سفارتخانہ کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ شجرکاری مہم میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ مہم "تجدید بذریعہ شجرکاری" کے عنوان کے تحت منعقد کی گئی جس کی قیادت ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور سفیر جمال بیکر عبداللہ نے کی۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت پاکستان میں پودے لگائے جائیں گے جو ایتھوپیا کے 700 ملین درخت لگانے کے ہدف میں تعاون فراہم کریں گے جس کا مقصد ماحولیاتی نظام کی بحالی اور کاربن اخراج میں کمی ہے۔

سفیر جمال بیکر عبداللہ نے اجلاس میں ایتھوپیا کے معروف ’’گرین لیگیسی انیشی ایٹو‘‘سے آگاہ کیا جو ماحولیاتی توازن کی بحالی، کاربن کے اخراج میں کمی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے شروع کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اپنی جدوجہد میں اکیلا نہیں ہوگا اور انہوں نے وفاقی وزیر کو ایتھوپیا میں رواں سال ستمبر میں منعقد ہونے والے افریقہ کلائمیٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد دراصل انصاف کا معاملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی بگاڑ نہ صرف قدرت بلکہ انسانیت کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اور درست اقدامات نہ کئے گئے تو دنیا ایک ایسے نکتے تک پہنچ سکتی ہے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی اگست میں ایک وسیع البنیاد قومی شجرکاری مہم شروع کرے گی جس میں عوام کو مفت پودے فراہم کئے جائیں گے تاکہ بڑے پیمانے پر شمولیت اور ماحولیاتی بحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے ایتھوپیا کی سبز پالیسیوں پر مبنی کامیابی کو ایک مثبت مثال قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اس تجربے سے قیمتی سبق حاصل کر سکتا ہے۔دونوں فریقین نے ماحول کے تحفظ، ماحولیاتی بحالی اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ عملی اقدامات ہی آنے والی نسلوں کے لئے پائیدار اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔