جشن آزادی فیملی فن ریس میں 3ہزارسے زائد بوائز اینڈ گرلز اور خواتین رجسٹرڈ ہوئیں ، خضرافضال چودھری

جمعرات 31 جولائی 2025 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت جشن آزادی فیملی فن ریس کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ہے، جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تمام افسران نے شرکت کی ہے، اجلاس میں جشن آزادی فیملی فن ریس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیاہے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن آزادی فیملی فن ریس میں 3ہزارسے زائد بوائز اینڈ گرلز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں،فیملی فن ریس جشن آزادی کا بڑا اور یادگار پروگرام ہوگا،جس میں تین ریسز ہوں گی گرلز، بوائز اور خواتین کی ریسز ہوں گی، تینوں ریسز میں پہلی، دوسری پوزیشن کیلئے بالترتیب 50، 30اور تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے20،20 ہزار کے انعامات دیئے جائیں گے جبکہ ریس میں 100جیتنے والے شرکا کو انعامات دیئے جائیں گے،جشن آزادی فیملی فن ریس کے موقع پر شاندارتقریب کا اہتمام کیاجائے گا،جس میں میوزیکل پرفارمنس سمیت دیگر پروگرام پیش کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے مزید کہا ہے کہ جشن آزادی فیملی فن ریس کے انعقاد کے لیے مختلف محکموں جن میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ،پنجاب پولیس، ریسکیو 1122،محکمہ صحت اور ٹریفک پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن کی جارہی ہے، فٹنس کے کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کے لیے آزادی فیملی فن ریس کے روٹ پر اعلی سطح کے فزیو تھراپسٹ بھی موجود ہوں گے، اس کے علاوہ کسی بھی طبی اور صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے جارہے ہیں، فیملی فن ریس کے روٹ، سٹارٹنگ اور اختتامی پوائنٹس کو رنگ برنگے قومی پرچموں سے سجایا جائے گا۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے رجسٹریشن بوتھ پر بہترین انتظامات کرنے پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر تنویر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر یاسمین اختر اور دیگر افسران کو سراہا،اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کے انچارج نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کو تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :