شبھمن گل نے سر گیری سوبرز کا 59 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

ٹیسٹ سیریز میں ایک غیر ملکی کپتان کے سب سے زیادہ رنز بنانے کے سوبرز کے دیرینہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا

ہفتہ 2 اگست 2025 13:38

شبھمن گل نے سر گیری سوبرز کا 59 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بیٹر سر گیری سوبرز کا 59 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔اوول میں کھیلے جارہے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز شبھمن گل نے تاریخ رقم کی اور سر گیری سوبرز کا ریکارڈ توڑا۔انہوں نے سینا ممالک (جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، اور آسٹریلیا) میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں ایک غیر ملکی کپتان کے سب سے زیادہ رنز بنانے کے سوبرز کے دیرینہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ نے 1966 میں انگلینڈ-ویسٹ انڈیز سیریز میں 722 رنز بنائے تھے۔ گیل کو تعداد سے آگے نکلنے کے لیے صرف ایک رن درکار تھا اور انہوں نے اپنی اننگز کی چھٹی گیند پر دو رنز بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔

(جاری ہے)

25 سالہ کھلاڑی اب انگلینڈ میں جاری پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 724 رنز بنا چکے ہیں، جس سے وہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دو طرفہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

شبھمن گِل اگر اوول میں 11 مزید رنز بناتے ہیں تو وہ سنیل گواسکر کے 732 رنز کو پیچھے چھوڑ دیں گے جو کسی ہندوستانی کپتان نے کسی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز ہیں، گواسکر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 1978-79 کی سیریز کے دوران یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔وہ پہلے ہی ویرات کوہلی کے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف ایک ہی ٹیسٹ سیریز میں 655 رنز کے پچھلے بہترین رنز کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔