کے آئی یو کا گلگت بلتستان میں ٹیکنالوجی سیکٹر کو ترقی دینے کے لیے تاریخی اقدام، گلگت بلتستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے ساتھ شراکت داری شرو ع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 31 جولائی 2025 21:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) جامعہ قراقرم کے سکول آف کمپیوٹنگ کے چیئرپرسن ڈاکٹر ثابت رحیم کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ قرارم گلگت بلتستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (جی بی ایس ایچ اے) کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان میں ٹیکنالوجی سیکٹر کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اس ترقی کا مقصد وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کے وژن کے مطابق جامعہ قراقرم کو ٹیکنالوجی سیکٹر میں سینٹر آف ایکسیلنس بنانے سے ہم آہنگ بنانا تھا۔

اجلاس میں جی بی ایس ایچ اے کے معروف اداروں، بشمول یوکونیکٹ، ٹیک زوئڈ، ٹیک آفالاجکس، پائن ٹیکنالوجیز، کلاؤڈ کور کنسلٹنٹس، ایڈیومیٹرکس، شی ڈیو، اور ٹیک سکیپ کے نمائندوں کے ساتھ کے آئی یو کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کا بنیادی مقصد ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مینڈیٹ کے مطابق تعلیمی اور صنعتی شعبوں کے درمیان فاصلے کو کم کرنا تھا۔

اجلاس کے اراکین نے متفقہ طور پر کے آئی یو کے انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے ایک منظم انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کی اور بہار 2026 سے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کافیصلہ کیا جس میں فیکلٹی رہنما اور صنعتی سپروائزرز مل کر طلبہ کے لیے عملی اور بامقصد تجربات کو یقینی بنائیں گے۔اس کے علاوہ اکیڈیمہ اور سوفٹ ویئر ہاوسز کی شراکت داری کے تحت جدید تقاضوں کے مطابق خصوصی کورسز متعارف کرائے جائیں گے جن میں کلاؤڈ نیٹو ویب ڈیولپمنٹ (میرن/سرورلیس اسٹیک)، کراس پلیٹ فارم موبائل ایپس (فلٹر/ری ایکٹ نیٹو)، اور ایجنٹک ای آئی ٹولز (آٹوجن، لینگ چین) جیسی مہارتیں شامل ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ کے آئی یو اور جی بی ایس ایچ اے مل کر نصاب تیار کریں گے اور پراجیکٹ بیسڈ لرننگ ماڈیولز کو فروغ دیں گے، تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجیز سے آراستہ کیا جا سکے۔جی بی ایس ایچ اے کے نمائندوں نے ان اقدامات کو گلگت بلتستان کے ٹیک ایکو سسٹم کے لیے گیم چینجر قرار دیا اور اس شراکت داری کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا اعادہ بھی کیا۔

اجلاس میں سکول آف کمپیوٹنگ کے چیئرپرسن ڈاکٹر ثابت رحیم نے کہا کہ یہ تعاون تعلیمی و صنعتی شعبوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے لیے معاون ثابت ہوگا اور ایچ ای سی اور این سی ای اے سی کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔ انہوں نے وائس چانسلر جامعہ قراقرم کے وژن ''صنعتی ہم آہنگی کے ذریعے عمدگی'' کو اس شراکت داری کی روح قرار دیااور کہاکہ یہ تعاون کے آئی یو کو خطے میں تکنیکی جدت کا مرکز بنانے اور گلگت بلتستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو مضبوط کرنے کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔