گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے یو ای ٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک کی ملاقات

جمعرات 31 جولائی 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے جمعرات کو گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ پبلک ریلیشنز آفیسر گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں صرف تعلیم دینا کافی نہیں بلکہ طلبہ کی کردار سازی اور عملی تربیت بھی اتنی ہی اہم ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے یو ای ٹی پشاور کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ادارہ نوجوانوں کو ٹیکنیکل تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کرے گا تاکہ وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔