گلگت بلتستان ، کرپشن اور سنگین بے قاعدگیوں میں ملوث افسران کی برطرفی و معطلی کی منظوری

وزیراعلیٰ کو سزائیں دینے کے ساتھ معافی اور سزائیں کم کرنے کے بھی اختیارات حاصل ہیں،سربراہ معائنہ کمیشن

جمعرات 31 جولائی 2025 22:10

گلگت بلتستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)گلگت بلتستان میں کرپشن اور سنگین بے قاعدگیوں میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف سزاؤں کی منظوری دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے ترقیاتی اور بجلی منصوبوں میں ہونے والی میگا کرپشن اور سنگین بے قاعدگیاں کی تحقیقات میں گریڈ 17سے اوپر کے 62افسران کی برطرفیوں ،معطلی اور مراعات کی واپسی جیسی سزاؤں کی منظوری دیدی ہے اور سزاؤں پر عملدرآمد کیلئے فائل چیف سیکرٹری کو بھجوا دی ہے۔

اس بارے میں سیکرٹری ٹو چیف منسٹر رحیم گل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معائنہ کمیشن کی تحقیقات میں افسروں کا جرم ثابت ہونے پر نظم و ضبط کی کارروائی مکمل کر کے ملوث افسران کی سزائیں متعین کر کے حتمی منظوری کیلئے چیف منسٹر کو فائل پیش کی گئی تھی ،وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان کو کیس کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور تمام قانونی پہلوؤں پر مشاورت کے بعد 62افسران کو سزائیں دینے کی منظوری دیدی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رحیم گل کے مطابق فائل چیف سیکرٹری کو عملدرآمد کیلئے بھجوا دی گئی ہے۔معائنہ کمیشن کے سربراہ فدا خان نے کہا کہ پہلی بار معائنہ کمیشن کی تحقیقات پر کرپشن کیسز میں ملوث افسران کی بڑی تعداد کو سزائیں دی جارہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ کو سزائیں دینے کے ساتھ معافی اور سزائیں کم کرنے کے بھی اختیارات حاصل ہیں۔انہوںنے کہاکہ جن افسران کو سزائیں دینے کی سفارش کی گئی تھی ان کے خلاف ضابطے کے تحت انکوائری کے ساتھ انویسٹی گیشن کے بھی تمام مراحل مکمل کیے گئے اور تمام قانونی مراحل مکمل ہونے پر سزاؤں کا تعین کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :