Live Updates

عمر ایوب اپنی پوری زندگی میں کبھی فیصل آباد نہیں گئے

9 مئی کیس سے متعلق فیصل آباد کی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما کا انکشاف

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 اگست 2025 00:24

عمر ایوب اپنی پوری زندگی میں کبھی فیصل آباد نہیں گئے
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی2025ء) عمر ایوب اپنی پوری زندگی میں کبھی فیصل آباد نہیں گئے۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی کیس سے متعلق فیصل آباد کی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما کا انکشاف کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے یوسف ایوب خان نے انکشاف کیا ہے کہ فیصل آباد کی عدالت نے عمر ایوب خان کو 9 مئی کیس میں سزا سنائی، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عمر ایوب خان اپنی پوری زندگی میں کبھی فیصل آباد نہیں گئے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جاوید اقبال شیخ نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سینٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر کو سزا سنائی۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق تھانہ سول لائن پولیس نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے الزام میں 185۔ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے اس کیس میں 108 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ 77 کو بری کر دیا۔ اس کیس میں فاضل جج نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب،سینٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، زرتاج گل اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت 107 ملزمان کو دس دس سال قید کی سزا سنائی جبکہ ایک ملزم جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔اس کیس میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور کے ٹرائل ابھی مکمل نہیں ہوئے جبکہ سول لائن کیس میں فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو بری کردیا گیا۔

تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے بھی 9 مئی کو تھانے کا محاصرہ کرنے اور اسے آگ لگانے کی کوشش کے الزام میں 67 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔اس کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے 60 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ 7 ملزمان کو بری کر دیاگیا۔ تھانہ سول لائن پولیس کے ایک اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فاضل جج نے 32 ملزمان کا ٹرائل مکمل کرنے کے بعد 28 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ چار ملزمان کو بری کر دیاگیا۔تھانہ سول لائن پولیس نے یہ مقدمہ 9 مئی کے فسادات کے دوران ایک سرکاری گاڑی کو نذر آتش کرنے کے الزام میں درج کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات