اسرائیل کی آمادگی کے بغیر کوئی فلسطینی ریاست نہیں ہو سکتی، امریکہ

فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کے لیے انعام ہے،وزیر خارجہ روبیو

جمعہ 1 اگست 2025 12:45

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبوں کو بے سود قرار دیا ہے۔روبیو نے امریکی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا یہ بات بعض لوگوں کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہے، لیکن اس کی کوئی اہمیت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا پہلی بات تو یہ ہے کہ ان میں سے کوئی بھی ملک فلسطینی ریاست قائم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اور فلسطینی ریاست تب تک ممکن نہیں جب تک اسرائیل اسے تسلیم نہ کرے۔

دوسری بات یہ ہے کہ وہ اس ریاست کی جگہ کا تعین نہیں کر سکتے، نہ ہی یہ طے کر سکتے ہیں کہ اسے کون چلائے گا۔ تیسری بات، میرے خیال میں یہ سب بے فائدہ ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا حماس کے لیے انعام ہے اور اس سے اسے غزہ میں جنگ بندی قبول نہ کرنے پر مزید حوصلہ ملے گا۔