ریسکیو 1122 سرگودھا نے ماہ جولائی کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

جمعہ 1 اگست 2025 17:15

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ریسکیو 1122 سرگودھا کی ماہ جولائی کے حوالے سے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری جولائی میں 5885 ریسکیو آپریشنز عمل میں آئے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سرگودھا ڈاکٹر مظہر شاہ کی زیر صدارت ماہانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں جولائی کے دوران ریسکیو سروس کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری رپورٹ کے مطابق جولائی میں ریسکیو 1122 سرگودھا نے 5885 ریسکیو آپریشنز سرانجام دیے اور 4924 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا۔رپورٹ کے مطابق 2838 متاثرین کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 2883 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مختلف حادثات میں 203 افراد جاں بحق ہوئے۔ جولائی کے دوران روڈ ٹریفک حادثات 994، میڈیکل ایمرجنسی 3945، لڑائی جھگڑے و فائرنگ کے 107، ڈوبنے کے 5 اور متفرق 598 واقعات رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 نے اوسط ریسپانس ٹائم 8.39 منٹ برقرار رکھا جبکہ روزانہ اوسط 189 ایمرجنسی واقعات رپورٹ ہوئے۔ سرگودھا میں جولائی کے دوران آگ لگنے کے 24 واقعات پیش آئے جن میں بروقت اور جدید فائر فائٹنگ کے ذریعے بڑے سانحات سے بچاؤ ممکن ہوا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں اضافہ تشویشناک ہے، عوام ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔