ہم ہوٹلز پر کھانا کھانے جاتے ہیں، گدھے کی فروخت کا معاملہ سنجیدہ ہے، اسلام آباد میں گدھے کے گوشت کی فروخت کا معاملہ قائمہ کمیٹی پہنچ گیا

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی کے اجلاس میں رکن کمیٹی ایاز شیرازی نے معاملہ اٹھایا، ہم گوشت کو برآمد کرنے کیلئے لائسنس ضرور دیتے ہیں، لوکل سطح پر معاملات دیکھنا ضلعی انتظامیہ کا کام ہے، سیکرٹری فوڈ کی اجلاس میں بریفنگ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 اگست 2025 16:55

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اگست 2025) ہم ہوٹلز پر کھانا کھانے جاتے ہیں، گدھے کی فروخت کا معاملہ سنجیدہ ہے، اسلام آباد میں گدھے کے گوشت کی فروخت کا معاملہ قائمہ کمیٹی تک پہنچ گیا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی کے اجلاس میں رکن کمیٹی سید ایاز شیرازی نے یہ معاملہ اٹھایا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ گدھے کے گوشت کا معاملہ پورے ملک کا معاملہ ہے جہاں جہاں کارخانے لگانے کی اجازت دی کیا وہاں سے لیکج تو نہیں ہوا؟۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہوٹلز پر کھانا کھانے جاتے ہیں اس لئے گدھے کی فروخت کا معاملہ سنجیدہ ہے ۔سیکرٹری فوڈ اینڈ سکیورٹی نے اجلاس میں بتایا کہ ہمارا کام ملکی سطح پر فوڈ پالیسی کو دیکھنا ہے۔ لوکل سطح پر معاملات دیکھنا ضلعی انتظامیہ کا کام ہے۔

(جاری ہے)

ہم گوشت کو برآمد کرنے کیلئے لائسنس ضرور دیتے ہیں۔یاد رہے کہ چندروزقبل اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول میں چھاپہ مار کر  25 من گدھے کا گوشت برآمد کرلیا تھا اورموقع سے 50 سے زائد گدھے بھی برآمد کئے گئے تھے جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ترنول میں 50 سے زائد گدھے اور بڑی مقدار میں گوشت برآمد ہوا تھا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق گوشت بیرون ملک سپلائی کیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کی حدود سے گدھے کا گوشت اور زندہ گدھوں کی برآمدگی کا معاملہ پیش آیا تھاجس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

مقدمہ میں پولیس کی جانب سے ایک غیر ملکی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ترجمان نے بتایا تھا کہ ڈائریکٹرفوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملوث افراد کے خلاف فی الفور اندراج مقدمہ کا حکم دیا گیا اور اتھارٹی ٹیم کی جانب سیگدھے کا گوشت تلف کیا گیا تھا۔متن مقدمے کے مطابق ملزمان کے پاس حرام گوشت کی ترسیل اور اجازت نامے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ ملزمان سے برآمد گدھے کا گوشت تلف اور جہاں گدھے رکھے گئے تو اس جگہ کو سیل کردیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ گوشت کسے اور کہاں فروخت کیا جاتا تھا اس حوالے سے کوئی دستاویز نہیں مل سکی، گدھوں کو کاٹنے والی جگہ سے سینکڑوں کھالیں بھی برآمد ہوئیں تھیں۔ان کا کہنا تھاکہ گوشت کن کن ایریاز میں سپلائی کیا گیا، تفتیش جاری ہے۔شہر میں محفوظ غذا کی فراہمی کیلئے فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں تھی۔