مسابقتی کمیشن کا قیمتیں فکس کرنے کے شبہ پر پنکھا ساز کمپنیوں اور ایسوسی ایشن پر چھاپہ

جمعہ 1 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے قیمتوں کے گٹھ جوڑ اور مبینہ کارٹیلائزیشن کے شبہ پر گجرات میں دو بڑی پنکھا ساز کمپنیوں اور فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفاتر میں سرچ اور انسپیکشن کی۔ یہ کارروائی کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 34 کے تحت کمیشن کی تین ٹیموں نے مجاز افسران کے ہمراہ کی جس دوران اہم دستاویزات، قیمتوں کے ریکارڈ اور ڈیجیٹل شواہد حاصل کیے گئے جو تحقیقات میں معاون ثابت ہوں گے۔

یہ کارروائی فین مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں ممکنہ گٹھ جوڑ اور کارٹیلائزیشن کی تحقیقات کا حصہ ہے۔ کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 4 کاروباری اداروں کے مابین ایسے معاہدوں یا طریقہ کار پر پابندی عائد کرتی ہے جن کا مقصد قیمتوں کو طے کرنا یا سپلائی محدود کر کے مارکیٹ میں مقابلے کو روکنا، محدود کرنا یا کم کرنا ہو۔

(جاری ہے)

انکوائری کمیٹی نے تین سالہ قیمتوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور انڈسٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے ممبران کو جاری کردہ سرکلرز بھی حاصل کیے۔

ان سرکلرز میں مختلف اقسام کے پنکھوں کی قیمتوں میں بیک وقت اضافہ تجویز کیا گیا اور اراکین کو اس کی اطلاع دی گئی تھی۔ مزید برآں مختلف برانڈز سے حاصل کردہ پرائس لسٹوں میں ایک جیسے رجحانات پائے گئے، جیسے کہ کئی کمپنیوں کی جانب سے ایک ہی وقت میں قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا۔ عام سیلنگ فین کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں فرق محض بہت معمولی تھا۔

بعض معاملات میں مختلف برانڈز کی جانب سے ایک جیسے ماڈلز کے لیے بالکل یکساں قیمتیں مقرر کی گئیں اور ان میں تبدیلی بھی ایک ساتھ اور ایک جیسی کی گئی۔فین مینو فیکچرنگ انڈسٹری میں یکساں اور مربوط قیمتوں کے رحجانات کارٹیلائزیشن کے قوی شبہات کو جنم دیتے ہیں اور کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 4 کی ممکنہ خلاف ورزی ہے۔پاکستان کی معیشت میں پنکھا سازی کی صنعت ایک اہم مقام رکھتی ہے۔

مسابقتی کمیشن اس انڈسٹری کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ صارفین کو مصنوعی طور پر بڑھائی گئی قیمتوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔کمپٹیشن کے قانون کے تحت کمیشن کا مینڈیٹ ہے کہ وہ معیشت کے تمام شعبوں میں آزادانہ مقابلہ کو یقینی بنائے جس سے معیشت کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے اور صارفین کو قیمتوں کو فکس کیے جانے، گٹھ جوڑ اور اجارہ داری کے غلط استعمال جیسی غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیوں سے تحفظ فراہم کرے۔