وزیر تجارت جام کمال خان سے نیدرلینڈز کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہینی فوکل ڈی فریز کی الوداعی ملاقات، تجارت، لاجسٹکس اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

جمعہ 1 اگست 2025 21:38

وزیر تجارت جام کمال خان سے نیدرلینڈز کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہینی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں نیدرلینڈز کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہینی فوکل ڈی فریز نے الوداعی ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، لاجسٹکس تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں زراعت، گرین انرجی اور ڈیجیٹل خدمات جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیر تجارت نے پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع افریقہ، وسطی ایشیا اور خلیج کے قریب ہونے کو بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی کیلئے ایک سٹریٹجک برتری قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی ای) کو حتمی شکل دینے کے قریب ہے جو پاکستانی کاروباروں کو 12 اہم منڈیوں تک رسائی فراہم کرے گا۔

سفیر فریز نے کہا کہ ماضی کی مشکلات کے باوجود ڈچ کاروباری حلقوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر فرائیزلینڈکیمپینا (FrieslandCampina) جیسے اداروں کی پاکستان میں طویل مدتی موجودگی کا ذکر کیا۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، کاروباری آسانی کے فروغ اور غیر ملکی کمپنیوں کے لیے فوری پالیسی معاونت کو یقینی بنانے کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کمپنیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مقامی روزگار، اختراع اور برآمدات میں تنوع کا ذریعہ بنیں۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی لاجسٹکس کی جدید کاری کی کوششوں اور ڈچ مہارت کے امکانات خصوصاً بندرگاہی انفراسٹرکچر، سپلائی چین کی بہتری اور زرعی صنعت پر مبنی جدت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر نے نیدرلینڈز، جرمنی اور بیلجیم میں ٹریڈ روڈ شو کے انعقاد کی تجویز دی تاکہ یورپی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے اور پاکستانی مصنوعات کی موجودگی کو بڑھایا جا سکے۔

ملاقات میں ڈچ-پاکستانی کاروباری افراد کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی سراہا گیا۔ سفیر نے کہا کہ دوسری اور تیسری نسل کے پاکستانی نڑاد افراد اب دونوں معیشتوں کے درمیان تجارتی روابط میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوان کاروباری افراد کیجذبے کی تعریف کی اور کہا کہ یورپی سامعین تک پاکستان کی صلاحیت کو تسلسل سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے اختتام پر وزیر تجارت جام کمال خان نے سبکدوش ہونے والی سفیر کو مقامی کاریگروں کا تیار کردہ ایک خوبصورت مٹی کا برتن بطور تحفہ پیش کیا جو پاکستان کی قدیم ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔