صدر ایل سی سی آئی کا تین روزہ الیکٹرسٹی پاکستان وای وی ایس ورلڈ نمائش کا افتتاح

جمعہ 1 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) ایکسپو سنٹر لاہور میں الیکٹرسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ نمائش کا آغاز ہو گیا، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوزر شاد نے افتتاح کیا۔ترجمان کے مطابق اس موقع پرصنعتی شعبہ کے ممتاز نمائندے،سرکاری عہدیداران، بین الاقوامی مندوبین اور فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی بھی موجود تھے۔

فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیرِاہتمام منعقدہ تین روزہ نمائش3 اگست تک جاری رہے گی جس میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں اپنی جدید ترین توانائی، بجلی اور الیکٹرک موبیلٹی ٹیکنالوجیز کی نمائش کر رہی ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے اہداف حاصل کرنے کے لیے جدت اور باہمی تعاون نہایت ضروری ہیں، الیکٹر سٹی پاکستان وای وی ایس ورلڈ جیسی نمائشیں صنعتی ترقی کو آگے بڑھانے اور ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جیسے جیسے ہم جدید اور نئی ایجادات کی طرف بڑھ رہے ہیں، یہ دیکھنا خوش آئند ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی ادارے ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہو کر پاکستان کے لیے ایک پائیدار مستقبل بنانے میں شریک ہیں ،الیکٹر سٹی پاکستان توانائی، پاور اور الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبوں میں کلیدی ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز کرتا ہے جو کارکردگی اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ای وی ایس ورلڈ جدید ترین الیکٹرک گاڑیوں (EVs)، بیٹری اسٹوریج، چارجنگ انفراسٹرکچر اورپائیدارٹرانسپورٹیشن کے حل پیش کرتا ہے۔

فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ صرف ایک نمائش نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی تشکیل کے لیے اہم سنگ میل ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسا پلیٹ فارم بنا رہے ہیں جہاں عالمی جدت مقامی عزم سے ہم آہنگ ہو کر وہ حل تخلیق کرے جو اہمیت کا حامل ہو ،یہ نمائش پالیسی سازوں، ماہرین، توانائی فراہم کرنے والے اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایک جگہ اکٹھا کر کے صنعت کے باہمی مکالمے اور اشتراک کے لیے ایک کلیدی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہپائیداری کو بنیاد بناتے ہوئے الیکٹریسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ پاکستان کو ایک مضبوط و ماحول دوست توانائی کے مستقبل کی جانب تیزی سے لے جانے کے مشن پر گامزن ہیں۔