سیکرٹری فنی تعلیم کا خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ

جمعہ 1 اگست 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری محکمہ صنعت وحرفت اور فنی تعلیم و چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) مسعود احمد نے کمپنی کے ہیڈ آفس حیات آباد، پشاور کا دورہ کیا۔آفیشیٹنگ چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل صلاح الدین اور سینئر انتظامی افسران نے چیئرمین کا کمپنی کے مرکزی دفتر آمد پر استقبال کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران نئے سیکرٹری کو کے پی ایزیڈ مک کے دائرہ کار، قائم کردہ صنعتی زونز اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ، انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے جاری کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین نے کمپنی ہیڈ آفس میں پودا لگا کر سرسبز و شاداب پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری صنعت و حرفت اور فنی تعلیم نے صنعتکاری کے فروغ کے لیے کمپنی کی کاوشوں کو سراہا اور اس کے ترقیاتی اقدامات کو مزید تقویت دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ خیبرپختونخوا میں پائیدار صنعتی ترقی اور معاشی خوشحالی کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔