راس الخیمہ میں 6ماہ کے دوران 6 لاکھ 54 ہزار سیاحوں کی آمد

ہفتہ 2 اگست 2025 10:20

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں رواں سال کے چھ ماہ کے دوران 6 لاکھ 54 ہزار سے زیادہ سیاح آئے ہیں۔اردو نیوز کے مطابق یہ تعداد گزشتہ سال اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے جبکہ سیاحتی آمدنی میں بھی 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں سیاحتی شعبے میں کارکردگی کی رپورٹ جاری کی ہے، یہ کامیابی راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جامع حکمت عملی کے تحت ایئر کنیکٹیویٹی بڑھانے، ریجنل اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او راکی فلپس نے کہا کہ 2030 تک ہر سال 35 لاکھ سیاحوں کے خیرمقدم کا ہدف ہے، اس کے ساتھ ساتھ طویل المدتی اور پائیدار ترقی کے اہداف بھی حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں کئی ریکارڈ کامیابیاں ملیں۔ ان میں بزنس ایونٹس، کانفرنسزاور شادی کی تقریبات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں 36 فیصد تک بہتری شامل ہے۔

اس کے ساتھ ان ممالک سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جہاں سے حال ہی میں براہِ راست پروازیں شروع کی گئی ہیں۔ان میں رومانیہ 65 فیصد، پولینڈ 56 فیصد، ازبکستان47 فیصد اور بیلاروس 30 فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست ہیں، اسی طرح بھارت سے 25 فیصد، چین سے 9.2 فیصد، روس سے7 فیصد اور برطانیہ سے 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ٹورازم انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے راس الخیمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کئی بڑے ہوٹل منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے۔بڑے ایونٹس کے حوالے سے امارت نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی راس الخیمہ ہاف میراتھن کی میزبانی کی جس میں دس سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔