جڑواں شہروں اسلام آباد ،راولپنڈی میں 5.1 شدت کا زلز لہ،زلزلے کے جھٹکے افغانستان میں بھی محسوس کئے گے

ہفتہ 2 اگست 2025 16:55

جڑواں شہروں اسلام آباد   ،راولپنڈی میں 5.1 شدت  کا  زلز لہ،زلزلے کے جھٹکے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) جڑواں شہروں اسلام آباد ،راولپنڈی اور گردونواح میں ہفتہ کی صبح 2 بجے کے قریب 5.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ حفاظت کے لیے پریشان ہو گئے۔ دریں اثنا ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے (یوایس جی ایس ) کے مطابق افغانستان کے علاقہ فرخار سے 58 کلومیٹر جنوب مشرق میں بھی صبح 2:03 بجے کے قریب 5.1 شدت کا زلزلہ آیا۔

(جاری ہے)

زلزلے کا مرکز افغان صوبہ تخار میں واقع تھا جو ارضیاتی طور پر فعال ہندو کش پہاڑی سلسلے کا ایک حصہ ہے اور اکثر زلزلوں کا مرکز رہا ہے۔ زلزلے کی گہرائی 114 کلومیٹر بتائی گئی ہے جبکہ یوایس جی ایس نے تقریباً 122.6 کلومیٹر گہرائی ریکارڈ کی ہے۔جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں نے صبح 2 بجے کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جس میں کئی عمارتیں لرز اٹھیں۔زلزلے کے بعد کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔